اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے فلم امر سنگھ چمکیلا میں امرجوت کور کا کردار ادا کرنے کیلئے اپنا 10 کلو وزن بڑھا لیا۔
فلم کے ڈائریکٹر امتیاز علی نے فلم کے ٹریلر کی تعارفی تقریب میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے اداکارہ سے کہا کہ فلم امر سنگھ چمکیلا میں امرجوت کور کے کردار کیلئے اپنا وزن بڑھانے کیلئے سموسے اور چاٹ کھاؤ۔
امتیاز علی نے کہا کہ پرینیتی اس فلم کیلئے میری پہلی ترجیح تھی، جب میں ان سے ملا تو اداکارہ نے مجھے بتایا ’میں پانچ سال سے انتظار کررہی تھی کہ میں ایسی فلم میں کام کروں جس میں گائیکی کا مظاہرہ بھی کرسکوں، جس پر میں نے انہیں کہا کہ یہ فلم ان کیلئے ہی ہے، تو پرینیتی نے کہا کہ میں تیار ہوں، جس پر میں نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔
اس کے بعد میں نے سوچتے ہوئے کہا کہ ’یار اس کی شکل بھی تھوڑی بہت ملتی ہے امرجوت سے اور میں نے کہا کہ بہت آسان کام ہے اور تم سموسہ، ملائی اور چاٹ یہ سب کھانا شروع کردو اور اس کے چہرے پر مسکراہٹ آگئی امرجوت کیلئے ، تو میں نے پرینیتی سے کہا کہ یہ سب بہت آسان ہے تم صرف سموسہ، ملائی اور چاٹ کھانا شروع کردو تو تمہارا وزن 10 کلو بڑھ جائے گا۔
فلم امر سنگھ چمکیلا کے ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ’کوئی لڑکی یا لڑکا کبھی بھی یہ نہیں کرنا چاہے گا اور یہ کسی بھی اداکار کیلئے بہت مشکل کام ہوتا ہے، لیکن اس پر میں پرینتی کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے میری بات مان لی۔
خیال رہے کہ پرینتی چوپڑا امتیاز علی کی فلم چمکیلا میں دلجیت دوسانجھ کے ساتھ نظر آئیں گی۔ یہ فلم پنجابی کے دو مشہور گلوکاروں امرجوت کور اور امر سنگھ چمکیلا پر مبنی ہے۔
یاد رہے کہ گلوکار امر سنگھ چمکیلا غربت کے سائے سے نکل کر 1980 کی دہائی میں مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچے تھے، لوگ انہیں پنجاب کے ایلوس کے نام سے بھی پکارتے تھے، انہیں 27 سال کی عمر میں ہی قتل کردیا گیا تھا، انہیں اب بھی پنجاب کے بہترین لائیو اسٹیج پرفامرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
امر سنگھ چمکیلا کی زندگی پر بننے والی اس فلم کو موہت چوہدری نے پروڈیوس کیا ہے، جس کا پریمیئر 12 اپریل کو نیٹ فلکس پر ہوگا۔