کرکٹ کا کھیل اپنے طور پر خود ہی ایک تفریح فراہم کرنے کا ذریعہ ہے لیکن اس تفریح کے دوران کچھ ایسے واقعات رونما ہوجاتے ہیں جو دیکھنے والوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔
ایک ایسا ہی واقعہ چٹوگرام میں بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹسیٹ میچ کے دوران پیش آیا اور یہ واقعہ باؤنڈری لائن کی طرف جاتی ایک نسبتاً آہستہ گیند کو روکتے ہوئے سامنے آیا۔
میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے سے چند اوورز پہلے سری لنکن بیٹر پربتھ جےسوریا کے بلے کا باہری کنارہ چھو کر گیند سلپ اور گلی پوزیشنز کے درمیان سے باؤنڈری کی طرف بڑھنے لگی جسے دیکھ کر یہ معلوم ہو رہا تھا کہ ایک فیلڈر اس کے پیچھے بھاگتے ہوئے جاکر اسے روک لے گا۔
تاہم کیمرے کی آنکھ نے وہ منظر محفوظ کیا جسے دیکھ کر شاید آپ بھی ہنسنے پر مجبور ہوجائیں کیونکہ ایک گیند کو روکنے کےلیے بنگلادیش کی تقریباً آدھی ٹیم دوڑ پڑی۔
جی ہاں! آپ نے بالکل درست پڑھا ہے، بنگلادیش کے ایک یا دو نہیں بلکہ پانچ کھلاڑی اس گیند کے پیچھے بھاگے اور اپنے مقصد یعنی گیند کو روکنے میں کامیاب رہے جس کی ویڈیو یہاں ملاحظہ کیجیے۔
اس میچ میں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 531 رنز بنائے جبکہ بنگلادیش کی ٹیم 178 رنز پر آل آؤٹ ہوئی اور فالو آن کا شکار ہوئی۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 102 رنز بناکر 455 رنز کی برتری حاصل کرلی۔