پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آئینی ترمیمی بل 2024 اسپیکر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروا دیا۔
مجوزہ بل کے متن میں تحریر ہے کہ آئین کے آرٹیکل 175 اے میں ہائی کورٹ، شریعت کورٹ کے ججز کی تعیناتی سے متعلق ترمیم کی جائے۔
اس میں کہا گیا کہ ہائی کورٹس اور وفاقی شرعی عدالت کے ججوں کی تقرری کےلیے مقابلے کا امتحان کمیشن لے۔ ججز کے مقابلے کے امتحان کے قواعد کمیشن بنائے، کمیشن نامزدگی کی سفارش کرے۔
اس میں یہ بھی کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری اور مدت ملازمت میں تبدیلی کی جائے۔
پی ٹی آئی کے آئینی بل میں چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کی مدت ایک سال تجویز کی گئی ہے۔
اس میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی ایک سالہ مدت کے بعد الیکشن کمیشن ممبران کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا جائے۔
بل میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن ممبران کو حروف تہجی کے مطابق ہر صوبے سے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا جائے۔ بل کا مقصد ملک میں ہائی کورٹس کے ججوں کی تقرری میں جانبداری کو روکنا ہے۔