چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ٹیم سے فزیکل ٹریننگ سینٹر کاکول میں ملاقات کی اور انہیں کھیل پر توجہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں کسی قسم کی گروپ بندی نہیں ہونی چاہیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ایبٹ آباد میں جاری فزیکل ٹریننگ سینٹر کاکول میں قومی کرکٹرز سے ملاقات میں تمام کھلاڑیوں کو کھیل پر توجہ رکھنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی لگن اور محنت پر ان کی تعریف کی۔ کھلاڑیوں سے ملاقات کے ساتھ چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کےلیے ٹیم کے انتخاب پر بات کی گئی، ملاقات میں کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اراکین کو بھی اعتماد میں لیا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میں اپنے کرکٹرز کو سپورٹ کرنے پر پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان کا تعاون نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس لیول میں اضافہ کرے گا بلکہ مستقبل میں انہیں مزید نظم و ضبط کا پابند بھی بنائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہمیں اپنا بینچ اسٹرینتھ مضبوط کرنا ہے، ٹیم میں کسی قسم کی گروپ بندی نہیں ہونی چاہیے، سب کو ایک ٹیم ہو کر کھیلنا ہوگا۔