اسلام آباد ( نمائندہ سب تک+اپنے سٹاف رپورٹر سے) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کی روشنی میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے۔ عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی۔ اس سے قبل لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لئے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے کبھی جان بوجھ کر عدالت میں پیش ہونے سے گریز نہیں کیا۔ عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیراعلی خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی‘ ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی و دیگر معاملات اور خیبر پی کے کے حوالے سے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت زیر سماعت مقدمات پر بھی بات چیت کی گئی۔