افغانستان میں سیاسی جماعتوں پر پابندی کے بعد لفظ ’پارٹی‘ کا استعمال بھی جرم قرار دے دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کی وزارت انصاف نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں لفظ پارٹی کا استعمال جرم ہے۔
افغانستان کے قائم مقام وزیر انصاف عبدالحکیم شرعی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان میں سیاسی جماعتوں پر پابندی ہے اور پارٹی کا لفظ استعمال کرنا بھی طالبان قانون کے تحت جرم ہے۔
ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالحکیم شرعی نے کہا کہ یہ لفظ وزارت انصاف کے تحت گزشتہ برس ہی غیر قانونی قرار پایا تھا، پارٹیوں کی اس نظام میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانونی اعتبار سے سیاسی جماعت یا حزب کا نام لینا ایک جرم ہے، جب فتح آئی تو جس کو نظام اچھا لگا تو رک گیا جسے پسند نہیں آیا وہ مختلف راستوں سے نکل گیا۔
یاد رہے کہ 15 اگست 2021 کو افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے ساتھ ہی طالبان نے اقتدار حاصل کرلیا تھا۔