سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد نے کہا ہے کہ تین صوبوں میں الیکٹورل کالج تو مکمل ہورہا ہے لیکن خیبرپختونخوا میں الیکٹورل کالج کا مسئلہ ہے۔
کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 17،218 اور الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات ملتوی کردیے، الیکشن کمیشن نے اس لیے سینیٹ انتخاب ملتوی کیے کیونکہ ہاؤس مکمل نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تیس نشستوں کو نظرانداز کر کے سینیٹ کا انتخاب کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے، جب تک صوبائی اسمبلی میں ان ارکان کا حلف نہیں ہوتا تب تک الیکشن کمیشن سینیٹ کا الیکشن مؤخر رکھے گا۔
کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب اس وقت نہیں ہوسکتا جب تک کے پی میں سینیٹ انتخاب نہیں ہو جاتا، ایوان بالا فعال رہے گا، قانون سازی بھی کرسکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پریذائیڈنگ افسر میں سے کسی کو کچھ مدت کیلئے چیئرمین مقرر کیا جاسکتا ہے، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا اس وقت تک انتخاب نہیں ہوسکتا جب تک سینیٹ کا الیکشن مکمل نہیں ہوجاتا۔