سنی اتحاد کونسل کے رہنما عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ جب سارے الیکشن ہو جائیں گے تو شاید الیکشن کمیشن کو ہم پر رحم آ جائے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے ممبران نے الیکشن کمیشن میں حلف نامہ جمع کرایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں ہماری فائل جمع ہے، اس پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا، ہمارے 2 معاملات الیکشن کمیشن میں التواء کا شکار ہیں۔
عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ ہماری سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اور پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن، یہ 2 کیسز زیرِ التواء ہیں، الیکشن کمیشن نے ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن کا کوئی فیصلہ نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے الیکشن کا فیصلہ کیوں نہیں دیا؟ اپوزیشن لیڈر کو اپوزیشن کے اکثریتی ممبر منتخب کرتے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنما عامر ڈوگر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے ہمارے پاس اکثریت ہے، ہم عمرایوب کے نام پر متفق ہیں۔