برطانیہ میں پارٹی قیادت سے اختلاف پر لنکاشائر کے 20 لیبر کونسلروں نے پارٹی چھوڑ دی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق لیبر پارٹی کی رکنیت سے مستعفی ہونے والے کونسلروں کا تعلق پینڈل برا کونسل، نیلسن اور برائرفیلڈ ٹاؤن کونسل سے ہے۔
مستعفی ہونے والے کونسلرز کا کہنا ہے کہ پارٹی لیڈر سر کئیر اسٹارمر کی قیادت ہمارے خیالات کی عکاس نہیں رہی، آزاد حیثیت میں کام کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اتنے بڑے پیمانے پر کونسلروں کا پارٹی چھوڑنا سر کئیر اسٹارمر کی قیادت میں بڑا انحراف ہے، اس سے قبل نومبر میں غزہ کے تنازع پر پارٹی قیادت سے اختلاف کرتے ہوئے برنلے کے 11 کونسلروں نے پارٹی چھوڑی تھی۔
پارٹی چھوڑنے والے کونسلر محمد اقبال کا مؤقف ہے کہ پارٹی میں کونسلروں کو کنٹرول کرنے کا کلچر فروغ پارہا ہے، استعفیٰ دینے کا مشکل فیصلہ اس لیے کیا کہ لگتا ہے کہ پارٹی قومی سطح سے کنٹرول کرنا چاہتی ہے۔
دوسری جانب لیبر پارٹی کے ترجمان کا اپنے مؤقف میں کہنا ہے کہ پارٹی کی تمام توجہ عام انتخابات جیتنے پر ہے تاکہ لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنایا جاسکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مستعفی ہونے والے 20 میں سے 4 کونسلروں کو مئی میں انتخابات میں حصہ لینا ہے۔