بالی ووڈ کے معروف اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی، اداکارہ اتھیا شیٹی اور کرکٹر کے ایل راہول فی الحال والدین نہیں بننے والے، بھارتی میڈیا نے گردشی خبروں کی تردید کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ڈانس ریئلٹی شو کے دوران سنیل شیٹی کے ایک تبصرے نے ان افواہوں کو جنم دیا کہ وہ جلد نانا بننے والے ہیں اور اتھیا شیٹی اور کے ایل راہول اپنے پہلے بچے کو خوش آمدید کہنے والے ہیں۔
تاہم اب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ذرائع کے مطابق اداکارہ اتھیا شیٹی اور کرکٹر کے ایل راہول کے یہاں پہلے بچے کی آمد متوقع ہونے کے حوالے سے گردشی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا نے ایسی تمام گردشی خبروں کی تردید کر دی ہے اور کہا ہے کہ سنیل شیٹی کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل شیٹی نے غیر رسمی طور پر ازراہ تفنن ایسا کہا تھا کہ وہ ڈانس شو کے اگلے سیزن میں نانا بن کے آئیں گے جبکہ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ان کے مذاق کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ تجربہ کار اداکار سنیل شیٹی مقبول رئیلٹی شو ’ڈانس دیوانے‘ کے جج ہیں۔ اس شو کی تازہ ترین ایپی سوڈ کو ’دادا دادی اسپیشل‘ کا نام دیا گیا تھا۔
شو کے دوران میزبان، بھارتی سنگھ نے مزاحیہ انداز میں سنیل شیٹی سے پوچھا کہ اگر وہ نانا بن جاتے ہیں تو اُنہیں کیسا لگے گا؟ وہ نانا بننے کے بعد کیسا برتاؤ کریں گے؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ ’ ہاں، اگلے سیزن میں جب میں آؤں گا تو میں نانا کی طرح اسٹیج پر چلوں گا۔‘
سنیل شیٹی کے اس بیان نے فوری طور پر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی تھی۔
یاد رہے کہ اتھیا شیٹی اور کے ایل راہول کی شادی 23 جنوری 2023ء کو ہوئی تھی۔