معروف بالی ووڈ فلم پروڈیوسر بونی کپور نے انکشاف کیا کہ سینئر اداکارہ ریکھا نے اُن کی بیٹی خوشی کپور کو اداکاری کے شعبے میں متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔
حال ہی میں بونی کپور نے اپنی سب سے چھوٹی بیٹی، خوشی کپور کی اداکاری کے شعبے میں آمد اور اس میں اہم کردار ادا کرنے والی تجربہ کار اداکارہ ریکھا سے متعلق بات کی ہے۔
یاد رہے کہ خوشی کپور اور جھانوی کپور بونی کپور اور سری دیوی کی بیٹیاں ہیں۔
جھانوی کپور اورخوشی کپور اپنی والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کے شعبے میں قدم رکھ چکی ہیں، جھانوی کپور متعدد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر فلم بینوں کو متاثر کر چکی ہیں جبکہ خوشی کپور نے نیٹ فلکس شو ’آرچیز‘ کے بعد متعدد پروجیکٹس سائن کر رکھے ہیں۔
خوشی اور جھانوی کپور کے والد بونی نے حال ہی میں اپنی دونوں بیٹیوں سے متعلق ایک انٹرویو کے دوران کھل کر بات کی ہے۔
فلمساز بونی کپور نے بڑی بیٹی جھانوی کے بوائے فرینڈ شیکھر پہاڑیا کے ساتھ رومانوی تعلق کی تصدیق کی۔
دوسری جانب انہوں نے چھوٹی بیٹی خوشی کے شوبز میں قدم رکھنے کے پیچھے چھپی کہانی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں اس بات کا اندازہ تک نہیں تھا کہ اُن کی بیٹی خوشی فلم انڈسٹری میں کیریئر بنانے کے لیے پر تول رہی ہیں،
انہوں نے مزید کہا کہ جھانوی کے شوبز میں کیریئر سے متعلق وہ اور اُن کی اہلیہ سری دیوی کافی پرجوش تھیں مگر یہ اُن کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اُن کی چھوٹی بیٹی بھی شوبز میں کیریئر بنانے کا سوچ رہی ہے۔
بونی کپور کا کہنا تھا کہ اُنہیں اُس وقت تک اس بات کا علم نہیں ہوا تھا جب تک کہ اُن کی بیٹی خوشی کپور نے اپنا آڈیشن کلپ، تجربہ کار اداکارہ ریکھا کو نہیں بھیجا، ریکھا نے اس کلپ کا بغور جائزہ لینے کے بعد اِنہیں مطلع کیا۔
بونی کپور نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ خوشی نے شوبز میں انٹری دینے کے لیے مجھے نہیں بلکہ ریکھا کو کلپ بھیجنا مناسب سمجھا، ریکھا نے ہی مجھے بتایا کہ خوشی بھی اداکارہ بننا چاہتی ہے، پھر میں خوشی کو نیویارک لے گیا اور اُسے نیویارک فلم اکیڈمی میں داخلہ دلوایا۔
بونی کپور نے انٹرویو کے دوران انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے اور اُن کی اہلیہ سری دیوی نے جھانوی کپور کو ڈاکٹر بنانے کا خواب دیکھا تھا مگر جھانوی اداکارہ بن گئیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سری دیوی کبھی بھی نہیں چاہتی تھیں کہ اُن کی دونوں بیٹیوں میں سے کوئی ایک بھی اداکار بنے، اہلیہ نے جھانوی اور خوشی کی جلدی شادی کا منصوبہ بنایا ہوا تھا۔