پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج تبدیل کرنے والوں کو بھی آرٹیکل 6 میں لانا چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران لطیف کھوسہ سے سوال کیا گیا کہ ججز کو پاوڈر اورگن کی تصویروں والے خطوط ملے کیا کہیں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ ان سے اور کیا توقع ہے، جعلی حکومت تسلط رکھنے کےلیے اور زیادہ خائف کرے گی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ جو عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا مار کر جعلی حکومت آئی اس کو نہیں مانتے۔ اسمبلی میں 100 بندہ گھس بیٹھیا ہے، ان کو مینڈیٹ چوری کرکے لایا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ رزلٹ تبدیل کرنے والوں کو بھی آرٹیکل 6 میں لانا چاہیے۔ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو اندر کریں وہ بتائیں گے کس کے کہنے پر نتائج تبدیل کیے؟
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ یہ وزیر قانون سے پوچھیں کہ جسٹس تصدق جیلانی سے پوچھا تھا یا نہیں پوچھا تھا؟ حکومت نے تو پہلے ہی فیصلہ دے دیا اور ججز کو کٹہرے میں کھڑا کردیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ ہی فل کورٹ بنا کر یہ کرسکتی ہے، سات ججز پر اعتراض ہے۔