اسلام آباد ہائیکورٹ میں پرویز الہٰی کو دوران علاج پمز اسپتال سے اڈیالہ جیل شفٹ کرنے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔
عدالت عالیہ اسلام آباد کے جسٹس طارق محمود جہانگیر نے درخواست پر سماعت کی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور پمز انتظامیہ سے 2 دن میں رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے کہا کہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پمز وضاحت کریں کیوں انہوں نے دوران علاج پرویز الہٰی کو پمز سے اڈیالہ جیل منتقل کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
سردار عبدالرازق نے کہا کہ ڈاکٹرز نے پرویز الہٰی کو 2 ہفتے مکمل بیڈ ریسٹ اور انتہائی نگہداشت میں رکھنے کی ہدایات دی تھیں۔
وکیل نے مزید کہا کہ وزیر صحت نے اسپتال دورے میں پرویز الہٰی کو فوری اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔
پرویز الہٰی کو اسپتال سے جیل منتقل کرنے کے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔