بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ روینہ ٹنڈن کا کہنا ہے کہ اپنی نوجوانی کے دنوں میں جب وہ بالی ووڈ کی فلمی دنیا کا حصہ بنیں تو انہوں نے کئی فلمیں صرف اس وجہ سے نہیں کیں کیونکہ ان فلموں میں انہیں جو لباس پہننے کے لیے کہا جاتا یا رقص میں جو انداز اپنانے کو کہا جاتا وہ غیر مناسب لگتے تھے۔
واضح رہے کہ 49 سالہ روینہ ٹنڈن نے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز 1991 کی فلم پتھر کے پھول سے کیا تھا۔
ہمیشہ سے منہ زور اور اپنے انداز میں زندگی گزارنے والی روینہ نے بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ایک وقت تھا جب مجھے کوئی چیز پسند نہیں آتی، مثلاً کوئی لباس یا رقص کا انداز غیر مناسب ہوتا تو میں اس سے انکار کر دیتی تھی جس کی وجہ سے مجھے کافی فلموں کو چھوڑنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ کئی فلموں میں ایسے گانے تھے جسے دیکھنے کے بعد میں نے معذرت کی کہ میں نہیں کرسکتی۔
فلم انڈسٹری کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کے دوران انکا کہنا تھا کہ اب انڈسٹری میں کافی مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔
ایک وقت تھا کہ خواتین کو اپنا نکتہ نظر پیش کرنے کی اجازت نہیں تھی، لیکن اب ایسا نہیں ہے انہیں سنا جاتا ہے۔ اب کافی خواتین انڈسٹری میں کام کرر ہی ہیں۔
جہاں تک اس وقت کام کا تعلق ہے تو روینہ کی فلم پٹنہ شکلا حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے۔