امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ایک شہری بیمار گائے سے برڈ فلو کا شکار ہوگیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شہری کو برڈ فلو کا وائرس متاثرہ گائے سے منتقل ہوا جس کے بعد ایسے کیسز کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق متاثرہ شخص میں بیماری کی واحد علامت آنکھ کی سوزش تھی۔ گزشتہ ہفتے متاثرہ شخص کے ٹیسٹ کے بعد بیماری کی تصدیق کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق برڈ فلو سے متاثرہ شخص کا نام اور شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، مریض کا اسپتال میں آئسولیشن وارڈ میں اینٹی وائرل دواؤں سے علاج جاری ہے۔
امریکی محکہ صحت کے مطابق لوگوں کے لیے برڈ فلو کا خطرہ کم ہے لیکن اس کے باوجود جانوروں کے مالکان کو بیمار جانوروں کے لیے حفاظتی ہدایات پر خاص توجہ دینی چاہیے۔
امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول(سی ڈی سی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ دوسری مرتبہ امریکہ میں کسی شخص کو برڈ فلو ہوا ہے، یہ وائرس عام طور پر جنگلی پرندوں کو متاثر کرتا ہے لیکن یہ دیگر جانوروں میں بھی پھیل سکتا ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق برڈ فلو کی وبا سے حال ہی میں دنیا بھر میں لاکھوں پرندے مرگئے جبکہ یہ دیگر ممالک میں کئی جانوروں میں بھی پھیل گیا ہے، اس سے سمندری شیر اور ایک ریچھ بھی ہلاک ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا کی تین ریاستوں ٹیکساس، کنساس اور نیو میکسیکو میں دودھ دینے والی بھینسوں میں برڈ فلو کی موجودگی کی تصدیق کی گئی تھی۔