پاکستان ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے وزیرِ ہوا بازی خواجہ آصف کو خط لکھ دیا۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ والٹن ایئر پورٹ سے متعلق اربوں روپے کی مبینہ کرپشن پر تحقیقات کی جائیں، اس کے بدلے مریدکے میں سستی زمین لے کر سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بڑا نقصان پہنچایا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ والٹن ایئر پورٹ کو 300 ارب روپے کم دام پر 50 ارب روپے میں بیچا گیا، فروخت کے باوجود سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اکاؤنٹ میں صرف 1 ارب روپے آئے۔
پاکستان ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ باقی بڑی رقم کہاں ہے؟ کس کے کھاتے میں گئی؟ تحقیقات کرائی جائیں۔
نام نہاد ایئر کرافٹ ایسوسی ایشن کا خط سراسر جھوٹ ہے: CAA
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ نام نہاد ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کا خط سراسر جھوٹ ہے۔
سی اے اے کے اعلامیے کے مطابق وفاقی اور پنجاب حکومتوں نے مشترکہ طور پر اس منصوبے کی منظوری دی تھی، ایوی ایشن سیفٹی خدشات پر وفاق نے والٹن سے فلائنگ آپریشنز کی مناسب مقام پر منتقلی کا فیصلہ کیا۔
اعلامیے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وفاق نے والٹن ایروڈروم زمین پنجاب حکومت کو کمرشل مقاصد کے لیے منتقلی کا فیصلہ بھی کیا، معاہدے کے تحت 52 فیصد ملکیت سی اے اے اور 48 فیصد پنجاب حکومت کے پاس ہے۔
سی اے اے کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے ایروڈروم کے لیے مریدکے میں پنجاب حکومت سے پہلے ہی 480 ایکڑ اراضی خرید چکی ہے، جنرل ایوی ایشن مقاصد کے لیے مریدکے ایروڈروم تعمیر کے آخری مراحل میں ہے۔