اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں خاتون جج دھمکی کیس میں پروڈکشن آرڈر پر سماعت کے دوران بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل نے اڈیالہ جیل حکام کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کر دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا پیش ہوئے جنہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی پروڈکشن پر جب بھی آرڈر ہوا تو بہانے کیے گئے، بانیٔ پی ٹی آئی کچہری میں پیش ہوتے رہے، سیکیورٹی کا خطرہ بھی تھا، انہیں عدالت میں پیش نہ کرنے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طلب کیا جائے، اڈیالہ جیل حکام کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، ہم سیکیورٹی کا کہتے تھے تو بانیٔ پی ٹی آئی کے وارنٹ جاری کر دیے جاتے تھے، کچہری میں پیش ہونے پر بانیٔ پی ٹی آئی پر بوتلیں بھی پھینکی گئیں۔
جج مرید عباس نے کہا کہ ابھی جیل حکام کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی گئی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے پروڈکشن آرڈر پر رپورٹ آتی ہے تو دیکھتا ہوں۔
وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ عدالتی تاریخ میں پروڈکشن آرڈر پر اتنا لمبا التواء کبھی نہیں ہوا، مارشل لاء کے دوران بھی عدالتوں میں ذوالفقار علی بھٹو کو پیش کیا جاتا تھا۔
عدالت نے بانیٔ پی ٹی آئی کی پروڈکشن پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ پیش ہونے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔