عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر کو زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے حوالے سے شاہ رخ خان کے خیالات سے اختلاف کرنا مہنگا پڑگیا۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر گزشتہ دنوں شاہ رخ خان کی ایک ویڈیو وائرل تھی۔
مذکورہ ویڈیو میں کنگ خان کامیابی حاصل کرنے کا راز اپنے مداحوں کو بتاتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر آپ زندگی میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے آرام و سکون کی پرواہ کئے بغیر مسلسل جدوجہد کرنی ہوگی کیونکہ آرام تو آپ کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھی کرسکتے ہیں۔
تاہم اب علی ظفر نے کنگ خان کی اس وائرل ویڈیو پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شاہ رخ خان سے اختلاف کیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شاہ رخ خان کی وائرل ویڈیو کو اپنی اسٹوری میں ری شیئر کرتے ہوئے علی ظفر نے لکھا کہ میں شاہ رخ خان کو بہت پسند کرتا ہوں لیکن ان کی بات سے مجھے اختلاف ہے۔
علی ظفر کی نظر میں حقیقی کامیابی اپنے اہل خانہ کے ساتھ اچھا وقت گزارنا اور ذہنی سکون ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میرے لیے کامیابی دوسروں سے مقابلہ کیے بغیر اپنے کام اپنے حساب سے کرسکوں اور اپنی پہچان خود بناسکوں لیکن یہ صرف میری رائے ہے باقی سب کی اپنی اپنی رائے ہوسکتی ہے۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ کامیابی کا کوئی مفہوم سب کے لیے نہیں ہوسکتا کیونکہ موجودہ دور میں نئی نسل کو کامیابی کا جو مطلب سمجھایا گیا ہے وہ مالی فائدے سے منسلک ہے لیکن یہ ہماری روحانی اور جذباتی ضروریات کو پورا نہیں کر سکتا بلکہ ہمیں ختم کر دیتا ہے۔
تاہم اب جیسے ہی علی ظفر کے خیالات مختلف سوشل میڈیا کی زینت بنے تو صارفین کی بڑی تعداد نے علی ظفر کے خیالات پر ناراضگی ظاہر کی اور بالی ووڈ کنگ سے اتفاق کیا ہے۔