نارتھ کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، تین افراد زخمی بھی ہوئے، رمضان کے دوران شہر میں ڈکیتی مزاحمت پر باون افراد کو قتل کیا جاچکا ہے۔
کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہریوں کے قتل ہونے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ تازہ وارداتوں کا مرکز بنا نارتھ کراچی جہاں مختلف مقامات پر ایک گھنٹے کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق نیوکراچی پاور ہاؤس کے قریب کاٹھیاواڑ محلے میں مسلح ملزمان یاسین نامی شہری سے لوٹ مار کررہے تھے اور مزاحمت پر اس کی ٹانگ میں گولی مار کر بھاگنے لگے، آس پاس موجود لوگوں نے پیچھا کیا تو ڈاکوؤں نے ان پر بھی فائرنگ کی جس سے عامر نامی نوجوان جاں بحق جبکہ شاہد مسیح زخمی ہوا، مقتول عامر کے اہل خانہ کا کہنا ہے عامر گھر سے نوکری کے لیے نکلا تھا۔
نارتھ ناظم آباد انڈا موڑ کے قریب ڈاکو پھل فروش کو لوٹنے آئے تو پھل خریدنے میں مصروف 70 سالہ حامد علی نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر ڈاکوؤں حامد علی کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔
ایس ایس پی سینڑل ذیشان صدیقی نے تمام واقعات کی جگہ کے دورے کیے اور کرائم سین سے شواہد حاصل کرلیے ہیں۔
رواں سال ڈکیتی مزاحمت کے واقعات میں تیزی آنے کے باوجود پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے کوئی خاص کارکردگی نظر نہیں آ رہی۔