پاکستانی معروف اداکارہ ثروت گیلانی اور ان کے خاوند ڈاکٹر فہد مرزا نے عیدالفطر کے موقع پر اپنی ننھی پری ’ایلا نور‘ کی منہ دکھائی کر دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے عید کے پہلے روز کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔
مذکورہ پوسٹ میں انہیں ہلکے گلابی جوڑے میں بیٹی کو گود میں اُٹھائے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تقریباً 4 ماہ قبل پیدا ہونے والی بیٹی ایلا نور کو بھی اپنے کپڑوں سے میچنگ کرتہ پاجامہ پہنایا ہے۔
اداکارہ نے مداحوں کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ سب کو عید مبارک۔
انہوں مظلوم فلسطینیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ یہ عید پوری دنیا خصوصاً فلسطین میں بسنے والے ہمارے تمام بھائیوں اور بہنوں کے لیے رحمتوں سے بھری ہو۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے بیٹی کی پہلی عید کے موقع پر اس کے ہمراہ ٹوئننگ کے حوالے سے پسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے۔
اداکارہ ثروت گیلانی اور ڈاکٹر فہد مرزا 2014ء میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ معروف جوڑے کے تین بچے (2 بیٹے اور 1 بیٹی) ہیں۔
ان کے بڑے بیٹے روحان کی پیدائش 2015ء اور آریز کی پیدائش 2017ء میں ہوئی تھی جبکہ گزشتہ دسمبر میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے ایلا نور رکھا ہے۔
یاد رہے کہ ثروت گیلانی نے اپنی ننھی پری کا نام ایلا نور رکھنے کے حوالے سے بتایا تھا کہ جب میں حاملہ تھی تو بہت سے لوگوں نے مجھے کہا کہ تمہارے چہرے پر نور آیا ہے اور مجھے ایلا نام پسند تھا جس کے معنی بہت خوبصورت کے ہیں۔ اسی وجہ ان دونوں کو ملا کر بیٹی کا نام ایلا نور رکھا ہے۔