شاہ چارلس سوم اپنے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم کی مستقبل سے متعلق گفتگو سن کر جذباتی ہوگئے۔
برطانوی شاہی خاندان پر 2019ء میں ایک دستاویزی فلم ’پرنس چارلس: ان سائیڈ دی ڈچی آف کارن وال‘ بنائی گئی تھی جس کا ایک ویڈیو کلپ دوبارہ وائرل ہو رہا ہے۔
اس وائرل ویڈیو کلپ میں شاہ چارلس کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم کو اپنے شاہی مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
شہزادہ ولیم کو اس وائرل ویڈیو کلپ میں مروین کیلنگ نامی کسان سے اپنی نجی جائیداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے مروین کیلنگ کو یہ بتایا کہ میں نے اس بارے میں سوچنا شروع کر دیا ہے کہ جب میں ڈچی آف کارن وال اسٹیٹ کا وارث بنوں گا تو اپنی ذمہ داریاں کیسے سنبھالوں گا۔
شہزادہ ولیم نے یہ بھی کہا کہ میرے خیال میں یہ سوچنا اب شاہی خاندان کے لیے واقعی بہت اہم ہے۔
شاہ چارلس نے شہزادہ ولیم کی اس گفتگو پر اپنے ردِعمل میں کہا کہ میں ولیم کی باتوں سے بہت متاثر ہوا اور سچ کہوں تو اس کی باتیں سن کر میری آنکھوں میں آنسو آگئے کیونکہ مجھے لگا کہ اس کی ان باتوں نے میرے پچھلے 50 سالوں کی محنت کو قابل قدر بنا دیا ہے۔
یاد رہے کہ شاہ چارلس کے 2022ء میں برطانوی شاہی تخت سنبھالنے کے بعد ان کے بیٹے شہزادہ ولیم ڈیوک آف کارن وال بن گئے ہیں۔
شہزادہ ولیم کا یہ ویڈیو کلپ شاہ چارلس کے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے تقریباََ دو ماہ بعد دوبارہ وائرل ہوا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ میں ایک اندرونی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ شاہ چارلس کی طبیعت بہت زیادہ ناساز ہے اس لیے اب وہ شاہی تخت سے دستبردار ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور شاہی تاج جلد ہی شہزادہ ولیم کو پہنا دیا جائے گا۔