ایران کے صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے، اہم معاہدوں اور مفاہمتوں کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کے ساتھ خاتون اول، وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ ایک بڑا تجارتی وفد بھی ہمراہ ہوگا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر اعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقاتیں کریں گے۔
ابراہیم رئیسی لاہور اور کراچی بھی جائیں گے جہاں وزراء اعلیٰ اور دونوں صوبوں کے گورنرز سے بھی ملاقات ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، رابطے، توانائی، زراعت اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا وسیع ایجنڈا ہوگا۔
ایرانی صدر کی آمد سے قبل سیکیورٹی پلان مرتب دے دیا گیا، اس سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیر داخلہ سے ملاقات میں سیکیورٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔