فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ شیری شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ شادی کے لیے شمعون عباسی نے نہیں بلکہ اُنہوں نے اداکار و ہدایت کار کو پروپوز کیا تھا۔
یاد رہے کہ طویل عرصے تک چہ مگوئیوں کے بعد اداکارہ شیری شاہ اور اداکار شمعون عباسی نے گزشتہ سال اپنی شادی کی تصدیق کی تھی۔
اب حال ہی میں اس جوڑی نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں ایک ساتھ شرکت کی ہے۔
نجی ٹی وی کے اس شو میں دونوں فنکاروں نے پہلی بار اپنی شادی سے متعلق کھل کر بات کی۔
شو کے دوران اداکارہ شیری شاہ نے ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی کی پیشکش کرنے میں پہل کی تھی، شمعون نے نہیں بلکہ شادی کے لیے پہلے انہوں نے شمعون کو پرپوز کیا تھا۔
اس دوران شمعون عباسی نے اہلیہ، شیری شاہ کی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ شیری شاہ سے شادی کر کے خود کو خوش قسمت انسان سمجھنے لگے ہیں۔
اداکار و ہدایتکار شمعون عباسی کا مزید کہنا تھا کہ وہ گرل فرینڈ اور بوائے فرینڈ کلچر کا حصہ نہیں بننا چاہتے تھے، اسی لیے انہوں نے شادی کو اہمیت دی، اُن کا گرل فرینڈ اور بوائے فرینڈ جیسے رشتوں سے دل گھبراہتا تھا۔
شمعون عباسی نے اپنے گزشتہ بیانات پر بھی مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کئی بار گھر بسانے کی کوشش کی لیکن ہر بار ناکام ہوئے، پھر شیری ان کی زندگی میں آئیں اور اُن کی زندگی بدل گئی، شیری اور وہ پہلے ہی سے بہت اچھے دوست تھے۔
شمعون عباسی کا بتانا تھا کہ وہ ہمیشہ سے ہی ایسا ہمسفر چاہتے تھے جو ان کے مسئلے کو ایک بیوی کے بجائے ایک دوست کے طور پر سمجھ سکے۔
واضح رہے کہ شمعون عباسی اور شیری شاہ کی شادی کی افواہیں 2022ء سے گردش میں تھیں جبکہ اس جوڑی نے گزشتہ سال اس موضوع پر خاموشی توڑتے ہوئے باضابطہ طور پر سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا اعلان کیا تھا۔