متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آپ تو نیوٹرل ہونے والوں کو جانور کہتے تھے، آپ چاہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور آپ کےلیے کرے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کے تیر چلادیے اور کہا کہ ایک آرمی چیف اپنی مرضی کا لانے کےلیے آپ نے سارا تماشا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوستوں نے ہم پر گولہ باری کی، وہ مفاہمت کی بات کرنا چاہتے ہیں، اگر سال 2029 کا الیکشن ٹھیک کرنا ہے تو اصلاحات کریں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دنیا چاند پر جا رہی ہے اور کراچی میں بچے گٹر میں گر کر مر رہے ہیں۔
دوران اجلاس پی ٹی آئی کی زرتاج گل وزیر نے خطاب میں کہا کہ ن لیگ کے دور میں خواتین کے ساتھ مظالم ہو رہے ہیں، سیاست کا مقابلہ چادر کھینچنے، خون ریزی سے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف کی ایما پر خواتین کو سڑکوں پر گھسیٹا جاتا ہے۔
پیپلز پارٹی کی شہلا رضا نے کہا کہ ہماری پارٹی کا موقف ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملکی مفاد کےلیے ایک نکتے پر اکٹھی ہوجائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے ان سے بھی مذاکرات کیے جنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت پر مٹھائیاں بانٹیں۔