کراچی(اسٹاف رپورٹر)آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کیلئے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک آنا چیلنج ہے، یہ نہیں کہوں گا کہ آسٹریلیا کی طرح کھیلیں، ہم ہر ٹیم سے مثبت چیزیں سیکھ سکتے ہیں، ہر فرد کا مشترکہ ہدف پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں کامیاب بنانا ہے۔ میری موجودگی میں تسلسل اور ڈسپلن کی اہمیت ہوگی ۔ دوسروں کے اسٹائل دیکھنے کی بجائے دوسروں کو اپنا اسٹائل دکھانا چاہتے ہیں، تسلسل اور ڈسپلن اپنا لیں تو بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔ جیو نیوز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو دلچسپ کرنے کیلئے صرف رن ریٹ کی ضرورت نہیں ہوتی، کنڈیشن اور حریف کو جانچے بغیر ہم پانچ رنز فی اوور کی اوسط پر نہیں جاسکتے، اہم بات سب کو اپنے رول کا معلوم ہونا ہے۔ پاکستان میں وقت گزاروں گا تاکہ ڈومیسٹک پلیئرز پر نظر رکھوں، کھلاڑیوں کی فٹنس کا دھیان رکھنا بھی بہت ضروری ہے۔ خیال رکھنا ہوگا کہ پلیئرز تھکاوٹ کا شکار نہ ہوں، ورک لوڈ مینج کرنے کیلئے گیری کرسٹن سے رابطے میں ہوں۔