مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی کے علاقہ شہر سلطان میں نجی اسکول کا شیڈ گرنے سے ایک طالب علم جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد نجی اسکول کو سیل کر دیا گیا اور حادثے سے متعلق محکمۂ تعلیم کو ابتدائی رپورٹ پیش بھی کر دی گئی۔
محکمۂ تعلیم کے مطابق اس حادثے کے بعد نجی اسکول کا لائسنس منسوخ کیا جا رہا ہے۔
نجی اسکول میں نقشے کے بغیر شیڈ اور سیڑھیاں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اسکول کی چھٹی کے وقت شیڈ کے اوپر اور نیچے طلباء موجود تھے، شیڈ طلباء کا بوجھ برداشت نہیں کر سکا اور گر گیا۔
یہ واقعہ پیش آنے کے بعد ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ میاں عثمان علی اور ڈی پی او سید حسنین حیدر بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی نے جاں بحق ہونے والے طالب علم کے والدین سے افسوس کا اظہار کیا اور اسکول انتظامیہ کو انتظامات کو بہتر کرنے کی ہدایت کی۔