وزیر دفاع و ایوی ایشن خواجہ محمد آصف نے خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے الزامات پر ردعمل دے دیا۔
اسلام آباد سے جاری وضاحتی بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کرغزستان فلائٹ کےلیے 20 مئی کی شام دفترخارجہ سے زبانی درخواست کی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کرغزستان کی فلائٹ کےلیے ضروری کاغذات جمع نہیں کرائے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کرغزستان کےلیے فلائٹ مختص کرنے کا میڈیا پر اعلان کردیا، دفتر خارجہ اور سیکرٹری ایوی ایشن نے انہیں کہا وہ ضروری کاغذات جمع کرائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی بار بار درخواست کے باوجود باضابطہ درخواست کےلیے کارروائی نہیں کی۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کاغذات آج دوپہر 2 بجے جمع کرائے، وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے پی آئی اے کی ایک پرواز کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرواز کی منظوری جلد ہی کرغزستان کی جانب سے دی جائے گی، تمام ضروری عمل کے بعد پرواز صبح 4 بجے چلائی جائے گی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ پرواز خیبر پختونخوا حکومت کےلیے پہلے سے مختص نجی ایئرلائن کی پرواز کے علاوہ ہے۔