خیبر پختون خوا کے وزیرِ ہائیر ایجوکیشن مینا خان کا کہنا ہے کہ کرغزستان سے آئے دیگر صوبوں کے طلبہ کو وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں ٹھہرایا گیا ہے۔
پشاور میں ’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختون خوا کے وزیرِ ہائیر ایجوکیشن مینا خان نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور بشکیک میں پھنسے طلبہ سے متعلق پہلے دن سے سنجیدہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جیسےہی یہ واقعہ ہوا وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے فارن آفس کو خط لکھا، انہوں نے طلبہ کی واپسی کے لیے 2 جہازوں کا بندوبست کیا۔
خیبر پختون خوا کے وزیرِ ہائیر ایجوکیشن مینا خان کا کہنا ہے کہ دونوں جہاز آ چکے ہوتے لیکن بشکیک میں کلیئرنس اور وفاقی حکومت کے کچھ مسائل تھے، وزیرِ اعلیٰ نے آدھی سے زیادہ کابینہ کو ایئر پورٹ بھیجا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بشکیک میں لوگ زیادہ ہیں، ہم نے پورٹل کھولا ہے جس پر رجسٹریشن کرتے ہیں، ایک جہاز آج پہنچ گیا اور ایک کل صبح پہنچ جائے گا، جو طلبہ آنا چاہتے ہیں ان کے لیے کے پی حکومت بلا امتیاز انتظام کر رہی ہے۔
خیبر پختون خوا کے وزیرِ ہائیر ایجوکیشن مینا خان کے مطابق بشکیک سے آنے والے طلبہ کی رہائش اور خوراک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے، طلبہ کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا، ان کے سفری اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔