پاکستانی معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے شوبز انڈسٹری سے دور رہنے کی وجہ بتائی ہے۔
اداکارہ ثروت گیلانی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے دلچسپ انٹرویو کے دوران مختلف موضوعات پر بات کی۔
شو کے دوران ایک سوال کے جواب میں ثروت گیلانی نے بتایا کہ اُن کا ماننا ہے کہ کم کام کریں لیکن اچھا کام کریں، یہی وجہ ہے کہ وہ اسکرین پر بہت کم نظر آتی ہیں۔
ثروت گیلانی نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں سے پیار کرتی ہیں اور ان کی شکر گزار ہیں کہ اُن کے چاہنے والوں نے اُنہیں یہاں تک پہنچایا اور بے تحاشہ محبت اور عزت دی۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں کہ مداح میرا انتظار کریں کہ میرا اگلا پروجیکٹ کونسا ہوگا، میں کیا کر رہی ہوں۔
اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں ہر ڈرامے میں سکینہ، زلیخا نہیں بننا چاہتی۔
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ بعض اوقات لوگ اُنہیں کہتے ہیں کہ جب بھی آپ کو اسکرین پر دیکھتے ہیں تو ہم رک جاتے ہیں کہ کیونکہ ہمیں پتہ ہے کہ آپ نے کوئی اچھا پروجیکٹ کیا ہوگا۔
اداکارہ ثروت کا کہنا تھا کہ حقیقی زندگی کی اگر بات کی جائے تو اُنہیں بالکل پسند نہیں کہ وہ کسی کو اپنا انتظار کروائیں، بس وہ انتظار کروانے والی عادت کو مداحوں تک محدود رکھنا چاہتی ہیں، اُنہیں لگتا ہے کہ وقت سب سے قیمتی چیز ہے، اگر ہم اپنا وقت قیمتی سمجھتے ہیں تو کسی دوسرے کا وقت بھی اتنا ہی قیمتی ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ ثروت گیلانی معروف اداکار و کاسمیٹک سرجن فہد مرزا کی اہلیہ ہیں، اس جوڑی کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔