بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان ہیٹ اسٹروک کے باعث اسپتال میں داخل ہوگئے۔ اہلیہ گوری خان اور ساتھی اداکارہ جوہی چاولہ نے احمد آباد میں ان کی عیادت کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان جو اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر کے میچ کے باعث احمدآباد میں موجود ہیں، وہ آج دوپہر ہیٹ اسٹروک کے باعث اسپتال میں داخل کیے گئے۔
کنگ خان کی طبیعت خرابی کی خبر سامنے آتے ہی اہلیہ گوری خان اور اداکارہ جوہی چاولہ اپنے شوہر جے مہتا کے ساتھ اسپتال پہنچ گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوری خان سیکیورٹی گارڈز کے گھیرے میں پریشانی کی حالت میں اسپتال پہنچی، جوہی چاولہ بھی شاہ رخ خان کی عیادت کے لیے وہاں آئیں تاہم مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
احمد آباد کے ایس پی پولیس اوم پرکاش جاٹ نے شاہ رخ خان کے کے ڈی اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ اداکار کو ہیٹ اسٹروک ہوا ہے، ان کا علاج جاری ہے۔
شاہ رخ خان نے گزشتہ روز نریندر مودی اسٹیڈیم میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا میچ دیکھا۔ ان کے ساتھ صاحبزادی سوہنا خان اور بیٹا ابراہم بھی موجود تھے۔