سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے انکار کر دیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نئے کوچ کی تلاش میں ہے، رکی پونٹنگ سے آئی پی ایل کے دوران کوچنگ کے لیے رابطہ کیا گیا، سابق آسٹریلوی کرکٹر نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے رابطوں کی تصدیق کی ہے۔
اس حوالے سے رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہمیں نے کوچنگ کے حوالے سے کئی رپورٹس دیکھی ہیں، ایسا عموماً سوشل میڈیا پر ہوتا ہے اور کئی نام سامنے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری آئی پی ایل کے دوران چھوٹی موٹی اس حوالے سے گفتگو ہوتی رہی ہے، گفتگو میں میری کوچنگ میں دلچسپی جاننے کی کوشش کی گئی، میں نیشنل ٹیم کی کوچنگ کرنا پسند کروں گا لیکن زندگی میں اور بھی بہت کچھ ہے۔
رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ میں گھر میں فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں، بھارتی ٹیم کے اگر آپ کوچ ہوں گے تو پھر آپ آئی پی ایل میں کوچ نہیں ہوسکتے، نیشنل ٹیم کا کوچ ہونے کا مطلب سال میں 10، 11 ماہ کی جاب ہے۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ یہ اس وقت میرے لائف اسٹائل کے مطابق نہیں ہے، زندگی میں انجوائے کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ ہے، مجھے علم ہے جسٹن لینگر، اسٹیفن فلیمنگ اور گوتم گھمبیر کے نام بھی کوچنگ کے لیے سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میری فیملی نے آئی پی ایل کے دوران 5 ہفتے میرے ساتھ بھارت میں گزارے، میں نے بیٹے کو کوچنگ کی آفر کا بتایا تو بیٹے نے آفر قبول کرنے کا کہا، بیٹا کہنے لگا کہ ہم دو سال کے لیے یہاں شفٹ ہو جائیں گے۔
رکی پونٹنگ نے کہا کہ فیملی کو بھارت میں کرکٹ کلچر اچھا لگتا ہے لیکن اس وقت کوچنگ میرے لائف اسٹائل میں فٹ نہیں ہوتی۔