لاہور( نوائے وقت رپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں ایران کے سفارت خانہ میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر ایرانی رہنماؤں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انھوں نے مہمانوں کی کتاب میں تعزیتی کلمات بھی درج کیے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر افراد کی وفات پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے، پاک ایران تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ان کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور جماعت اسلامی ایرانی قوم کیساتھ ہیں۔