بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل انتخابات کا سلسلہ جاری ہے جس کے پانچواں مرحلے میں گزشتہ دنوں ممبئی میں پولنگ ہوئی لیکن کافی سارے بالی ووڈ اداکاروں نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
ممبئی میں پولنگ کے دوران ووٹ کاسٹ نہ کرنے والوں میں کترینہ کیف، پریانکا چوپڑا، عالیہ بھٹ، ابھیشیک بچن اور دیگر کئی نامور اداکار شامل ہیں۔
پریانکا چوپڑا اٹلی میں ہونے کی وجہ سے اپنا ووٹ ڈالنے کا حق استعمال نہ کرسکیں جو کہ ہالی ووڈ کی ایک تقریب میں شرکت کرنے کے لیے وہاں موجود ہیں۔
کترینہ کیف اور وکی کوشل آج کل لندن میں ہیں اس لیے وہ اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کر سکے جبکہ کترینہ کیف برطانوی شہری ہونے کی وجہ سے ووٹ ڈالنے کی اہل بھی نہیں ہیں۔
یہ بات شاید کم لوگ جانتے ہوں گے کہ عالیہ بھٹ بھی برطانوی شہریت رکھتی ہیں اس لیے بھارت میں ووٹ ڈالنے کی اہل نہیں ہیں۔
کترینہ کیف اور عالیہ بھٹ کی طرح جیکولین فرنینڈس بھی ووٹ ڈالنے کی اہل نہیں ہیں کیوں کہ وہ سری لنکن شہریت رکھتی ہیں اور وہ اس وقت کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے فرانس میں موجود ہیں۔
ابھیشک بچن نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا لیکن فی الحال ان کے ممبئی میں ہوتے ہوئے بھی ووٹ کاسٹ نہ کرنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی۔
انوشکا شرما کو بھی آئی پی ایل میچ کے دوران دیکھا گیا تھا لیکن اُنہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا یا نہیں کیا اس حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔