پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے بغیر نوٹس رات کے اندھیرے میں آپریشن کیا، پی ٹی آئی کا دفتر فتح کرلیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس نے عامر مغل کر گرفتار کیا ہے، انہوں نے سی ڈی اے آپریشن کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عامر مغل کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، سی ڈی اے عملے کے ساتھ بات کررہے تھے کہ اچانک عامر مغل کو اٹھالیا گیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ سی ڈی اے سے پوچھا کہ رات کے اندھیرے میں آپریشن کیوں کیا؟ کیا نوٹس جاری کیا؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ سارا دن ہم دفتر میں موجود تھے، اقوام متحدہ کی ٹیم بھی تھی، اقوام متحدہ کی ٹیم کی موجودگی میں پولیس نے حماد اظہر کی کھوج میں یہاں ریڈ کیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم نے ان کی گاڑیوں کی تلاشی لی، جس طرح غزہ میں آپریشن ہوتا ہے اسی طرح رات کے اندھیرے میں تحریک انصاف کے دفتر میں کیا گیا۔
عمر ایوب نے پی ٹی آئی مرکزی سیکریٹریٹ پر سی ڈی اے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو بلڈنگ کی کسی جگہ پر اعتراض تھا تو صبح آتے اور کہتے تھے تجاوزات کو ہٹائیں، سی ڈی اے سے اچھے ماحول میں بات ہوسکتی تھی۔