اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے انفراسٹرکچر سرمایہ کاری سے تعلق رکھنے والے نجی شعبے کے سرمایہ کاروں نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے پبلک سیکٹر ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر زور دیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا فروغ چاہتی ہے، نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں نے مشکل حالات میں ملکی معیشت سنبھالنے میں اہم کردار ادا کیا، نجی شعبے نے ملک کی ایکسپورٹ بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا، پاکستانی حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے، اس وقت ملک کو معاشی چیلنجز درپیش ہیں، جن پر ہم اپنی پالیسیوں کے ذریعے قابو پانے کے لئے پرامید ہیں، 2018ء میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت 1000 ارب کا وفاقی ترقیاتی بجٹ چھوڑ کر گئی تھی، ہماری حکومت کے خاتمے کے وقت تمام معاشی اشاریے مثبت جا رہے تھے، سی پیک کے ذریعے ملک کو ترقی کی سمت پر ڈالا جا رہا تھا، جب ہماری حکومت کو ختم کیا گیا، پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بننے کے سفر پر گامزن تھا۔ پی ٹی آئی حکومت ترقیاتی بجٹ کو کم کرکے 500 ارب روپے پر لے گئی، جس کا ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا، پی ٹی آئی حکومت میں سی پیک سمیت ملک کے اہم ترقیاتی منصوبے منجمد کر دیے گئے، ن لیگ کی حکومت دوبارہ وفاقی ترقیاتی بجٹ کو 950 ارب روپے تک لے گئی ہے۔