پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے جلد ہی نئی فلم پیش کرنے کا عندیہ دے دیا اور فلم کا نام بھی بتا دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر شان شاہد کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہیں اپنی آنے والی فلموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل کلپ میں اداکار کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اپنی 2 فلموں میں سے ایک کا اسکرپٹ مکمل کرلیا ہے، ایکشن تھرلر فلم کا نام ’ریڈ وائٹ گرین‘ ہے، جس کی شوٹنگ جلد شروع کردی جائے گی۔
اداکار نے بتایا تھا کہ ’ریڈ، وائٹ اینڈ گرین‘ کی کہانی امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایجنٹ اور پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے ایجنٹ کے گرد گھومتی ہے، تاہم انہوں نے مزید کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔
سوشل میڈیا پر اداکار کا ویڈیو کلپ وائرل ہوا تو مختلف سوشل میڈیا پیچز نے دعویٰ کیا کہ شان شاہد کی آںے والی نئی فلم میں مرکزی کردار مایاناز اداکارہ حمیمہ ملک ادا کریں گی۔
سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی ان خبروں نے جلد ہی اداکار آغا علی کی توجہ حاصل کرلی۔
آغا علی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں کو اپنی انسٹااسٹوری میں ری شیئر کیا۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شان شاہد کی فلم اور حمیمہ ملک کو اسکرین پر دیکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا جس پر اداکارہ حمیمہ ملک نے انسٹااسٹوری شیئر کرکے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے ہیرو کے الفاظ استعمال کئے، جو اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ فلم کے ہیرو آغا علی ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ’ریڈ، وائٹ اینڈ گرین ‘ کے ذریعے تقریبا 3 سال بعد اداکارہ حمیمہ ملک بڑے پردے پر ایکشن میں دکھائی دیں گی۔