وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وفاق سے قبل کوئی صوبائی اسمبلی بجٹ دے، پہلے وفاق صوبوں کے لیے بجٹ کا حجم تجویز کرتا ہے۔
وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے گئے ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نہ ہمیں امداد چاہیے، نہ قرض،انہوں نے واضح کہا ہے کہ ہمیں تجارت چاہیے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم جہاں جاتے ہیں سرمایہ کاری اور تجارت کی بات کرتے ہیں، ہماری کامیابیاں مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہیں، جنہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھا وہ اب ایس آئی ایف سی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ نے ایک شخصیت کو ریڈ لائن ڈکلیئر کیا تھا کہ ہماری ریڈ لائن ایس آئی ایف سی ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی کامیاب رہا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ موجودہ قیادت پر متحدہ عرب امارات کا اعتماد غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، متحدہ عرب امارات نے 10 ارب ڈالرز پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مخالفین کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی، حکومت کے طرزِ عمل میں سنجیدگی کا پوری دنیا مشاہدہ کر رہی ہے، پاکستان کے پاس بے پناہ صلاحیتیں اور وسائل موجود ہیں، پاکستان کی ان صلاحیتوں کو دنیا جانتی اور مانتی ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ڈیلیور کرنا جانتے ہیں، انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہمیں امداد نہیں چاہیے۔