مغوی شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم نامہ جاری کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 8 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ اردو میں جاری کیا گیا، جس میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹر کمانڈر اور ڈائریکٹر آئی بی کو طلب کرلیا گیا۔
تحریری حکمنامے میں عدالت نے سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری دفاع کو بھی طلب کرلیا، وزیر قانون اور سیکریٹری قانون کو بطور عدالتی معاون طلب کیا گیا۔
حکمنامے کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نے عدالت کو تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کیا، پولیس حکام نے بتایا کہ مغوی کی لوکیشن ٹریس کرلی گئی ہے، وہ جلد ہی متعلقہ جگہ اور لوگوں تک پہنچ جائے گی، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او نے بتایا کہ سیکٹر کمانڈر کا بیان قلم بند نہیں کیا۔
عدالتی حکمنامہ میں کہا گیا کہ پولیس کے مطابق وزارت دفاع سے حاصل تحریری جواب شامل مثل کیا گیا، تفتیشی افسر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سیکٹر کمانڈر کا 161کا بیان قلم بند کرے۔
تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ عدالت زیر بحث مقدمے کی کارروائی کو رپورٹ کرنے کی اجازت دیتی ہے، عدالت لاپتہ افراد کے تمام کیسز کی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے نشر کرنے کا حکم دیتی ہے۔