بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ کاجول اور معروف کوریوگرافر، ہدایتکار، پروڈیوسر و اداکار پرابھو دیوا کی 27 برس بعد ری یونین ہو رہی ہے، اس مرتبہ یہ ایک بڑے بجٹ کی ایکشن تھرلر میں یک جا ہوں گے۔
اس پروجیکٹ کو فلمساز چرن تیج اوپلاپتی ڈائریکٹ کرنے کےلیے بالی ووڈ آئیں گے۔ فلم میں سینئر اداکار نصیر الدین شاہ، سمیوکتھا مینن، جیسہو سین گپتا اور ادیتیا سیل شامل ہوں گے۔
فلم کی ایک خاص بات یہ ہوگی کہ کاجول پہلی بار کسی فلم میں نصیر الدین شاہ کے ساتھ کام کریں گی۔
واضح رہے کہ پرابھو دیوا زیادہ تر جنوبی بھارت کی تامل، تیلگو اور کناڈا فلم انڈسٹری میں کام کرتے ہیں، تاہم میسور میں پیدا ہونے والے 51 سالہ پرابھو دیوا ہندی فلم انڈسٹری سے بھی وابستہ ہیں۔
یاد رہے کہ کاجول اور پرابھو دیوا نے 27 برس قبل 1997 میں راجیو مینن کی تامل فلم مینسارا کانوو میں اکٹھے کام کیا تھا، فلم میں اروند سوامی بھی شامل تھے اور یہ بڑی کامیاب فلم ثابت ہوئی تھی۔ بعد میں اسکا ہندی ورژن سپنے کے نام سے لایا گیا تھا۔