پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں یو این وفد موجود تھا، پولیس نے اقوام متحدہ کی گاڑیوں کی تلاشی لی۔
سب تک نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہمیں انتظامیہ کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں ملا، سی ڈی اے کو کوئی مسئلہ تھا آکر بتاتے ہمارے وکلاء موجود تھے، سیکریٹریٹ کی عمارت قوانین کے مطابق تھی، کوئی مسئلہ تھا آکر بتاتے رات میں آپریشن کیوں کیا گیا؟
عمر ایوب نے کہا کہ انھوں نے صرف بہانہ بنانا تھا سو بہانہ بنا لیا، حماد اظہر جب سیکریٹریٹ آئے تو اسلام آباد پولیس پیچھے آئی، نوٹس جاری ہوئے تو گئے کہاں پر؟ ہمیں تو نہیں ملے، جب ملک میں آئین اور قانون نہ ہو تو کوئی اپنا پیسا کیوں لگائے گا؟
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی انتخابات کے معاملے پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) پر 25 ہزار روپے جرمانہ کیا، آصف زرداری ایک جماعت کے صدر ہیں اور صدر مملکت بنے ہوئے ہیں ان کا الیکشن کیسے ہوا؟ ہم سے پارٹی نشان چھینا گیا، امیدواروں اور کارکنوں کو زد و کوب کیا گیا۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے لوگوں پر پریشر پڑا تو نشان واپس نہیں دیا گیا، ہمیں الیکشن کمیشن پر کوئی اعتماد نہیں ان کو مستعفی ہونا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک قیادت اور کارکن جیلوں سے باہر نہیں آتے ہم کس چیز پر مذاکرات کریں؟