وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی قیادت نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مختص کر دیے، ہم نے کشکول توڑ دیا ہے اب تجارتی، معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزراء اعلیٰ نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری فروغ کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیر اعظم نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو ایس آئی ایف سی میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں، دورہ یو اے ای انتہائی کامیاب رہا، یو اے ای حکام نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مختص کردیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دوست ممالک نے بھی ایس آئی ایف سی کے اقدامات کو سراہا ہے، عسکری قیادت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا، غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل سرخ فیتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکاء نے ایپکس کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد پر اظہار اطمینان کیا۔