دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دے دیا۔
برمنگھم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 183 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ 25 کے مجموعے پر گری جب عماد وسیم نے فل سالٹ کو آؤٹ کردیا۔ سالٹ نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔
دوسری وکٹ پر ول جیکس اور کپتان جوش بٹلر نے 71 رنز جوڑے، تاہم 37 رنز بنانے والے جیکس کو حارث رؤف نے کیچ آؤٹ کروایا اور اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلوائی۔
ایک جانب بٹلر کا بلا رنز اگلتا رہا جنہوں نے تیسری وکٹ پر 25 رنز بنانے والے جونی بیئرسٹو کے ساتھ 48 رنز جوڑے۔ بیئرسٹو کی اننگز کا خاتمہ شاہین آفریدی نے کیا۔
حارث رؤف نے 84 رنز بنانے والے جوش بٹلر کی اننگز کا خاتمہ کیا اور اسکے ساتھ ہی پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔
ہیری بروک ایک، معین علی 4، کرس جورڈن 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ لیام لیونگسٹن 2 اور جوفرا آرچر 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 جبکہ عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں لیں۔
واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا، ہیڈنگلے لیڈز کا یہ میچ بغیر کوئی گیند پھینکے منسوخ کردیا گیا تھا۔
ہوم ٹیم میں جوفرا آرچر کی واپسی ہوئی ہے جبکہ پاکستان ٹیم میں حارث رؤف اپنی واپسی کر رہے ہیں۔
پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔
انگلش ٹیم کی قیادت جوش بٹلر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، ول جیکس، جانی بیرسٹو، ہیری بروک، معین علی، لیام لونگٹسن، کرس جارڈن، جوفرا آرچر، عادل رشید اور ریس ٹوپلے شامل ہیں