بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر پنجاب کے وزیرِ خوراک بلال یاسین نے اجلاس بلا لیا۔
بلال یاسین کی زیرِ صدارت اجلاس میں سیکریٹری خوراک، ڈی جی فوڈ اتھارٹی، ڈی جی انڈسٹریز، ڈپٹی کمشنر، بیکری ایسوسی ایشن اور مختلف برانڈ کے نمائندے شریک ہوئے۔
اس موقع پر بلال یاسین نے کہا کہ ڈبل روٹی، رسک اور بن کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ 2 ماہ میں گندم، آٹے اور میدے کی قیمتوں میں 30 سے 48 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ روٹی اور نان کی قیمت میں کمی کرائی، بیکری مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیک ہولڈرز کو 27 مئی تک قیمتوں میں رضاکارانہ کمی کا وقت دیا ہے، پنجاب بھر میں انتظامیہ کم قیمتوں پر بیکری مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائے گی۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک بھر میں گندم، آٹے اور میدے کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے تاہم بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔