قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات پر بات کرنے کے لیے ہم مذاکرات کے لیے حاضر ہیں، پی ٹی آئی نے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کے ساتھ مذاکرات کرنے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے معاملات کا ترجمان نہیں ہوں، ہر چیز ووٹ سے مشروط ہے۔ سیاسی عدم استحکام معاشی عدم استحکام کا جواز بنتا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، ملک عدم استحکام کا شکار ہے، سیاست دانوں کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ کبھی نہیں کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ نہیں ہیں، ہر کام میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، حکومت میں شمولیت کے لیے ن لیگ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں اسپیس دیکھ کر حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کریں گے، اسمبلی میں بل پاس ہوگا تو ہمارے ووٹ سے ہوگا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بجٹ عوام دوست، کسان دوست اور نوجوان دوست ہونا چاہیے، بجٹ کے خدو خال بنیں گے تو پیپلز پارٹی حکومت کو مشورے دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاف پانی کا مسئلہ اس وقت ملک کا سنگین مسئلہ ہے، عوام تک صاف پانی پہنچانا کسی مشن سے کم نہیں، مخیر حضرات اس کارِ خیر میں ضرور حصہ لیں۔
قائم مقام صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے میں ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔