پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ شہید کیپٹن حسین جہانگیر، حوالدار شفیق اللّٰہ کی قربانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
بلاول بھٹو نے پشاور کے علاقےحسن خیل میں دوران آپریشن 2 فوجی جوانوں کی شہادت کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لینے تک سُکھ کا سانس نہیں لیں گے۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کے پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے تھے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں تلاش کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللّٰہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔