بالی ووڈ کے سپر اسٹارز سلمان خان اور اکشے کمار اپنی اپنی سپر ہٹ فلموں کے سیکوئل سے آؤٹ ہونے پر افسردہ نہیں ہیں۔
بالی ووڈ کی کئی مشہور فلموں کی ہدایتکاری کرنے والے انیس بزمی نے بتایا ہے کہ سلمان خان اور اکشے کمار اپنی ہی سپر ہٹ فلموں بالترتیب نو اینٹری اور بھول بھلیاں کے سیکوئل میں کام نہ کرنے پر پریشان نہیں ہوئے۔
فلم نو اینٹری 2 اور بھول بھلیاں 3 تکمیل کے مراحل میں موجود ہیں اور انیس بزمی ان دونوں ہی فلموں کیساتھ منسلک ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران جب انیس بزمی سے سوال کیا گیا کہ کیا اکشے کمار بھول بھلیاں کے سیکوئل میں کاسٹ نہ کیے جانے سے متاثر ہوئے تو اس پر ہدایتکار کا کہنا تھا کہ بھول بھلیاں کے حوالے سے تو یہ پروڈیوسرز کا فیصلہ تھا۔ لیکن اگر مجھ سے پوچھا جائے تو میں تو ہمیشہ انکے ساتھ کام کرنا چاہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اکشے کمار بہت اچھے اداکار ہیں اور ہم دونوں اچھے دوست بھی ہیں۔ فلم میں کاسٹ نہ کرنا اکشے کمار کےلیے بہت چھوٹی بات ہے کیونکہ وہ بہت بڑے اسٹار ہیں، انہیں فلم میں کاسٹ نہ کرنا اکشے کا نہیں بلکہ فلم سازوں کا نقصان ہے۔
پھر جب انیس بزمی سے سوال کیا گیا کہ کیا نو اینٹری 2 میں کاسٹ کی تبدیلی سلمان خان پر اثر انداز ہوئی؟ تو اس کے جواب میں انیس کا کہنا تھا کہ میں اور سلمان بہت اچھے دوست ہیں اور اگر سلمان کے دل میں اس حوالے سے کوئی بات ہوتی تو وہ مجھے بول دیتے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انیس بزمی کا کہنا تھا کہ اگر سلمان خان نے فلم میں کاسٹ نہ کیے جانے پر مجھے کچھ نہیں کہا تو اسکا مطلب یہ ہے کہ انکے دل میں ایسا کچھ نہیں اور فلم میں کاسٹ نہ کیے جانے پر انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ساتھ میں انیس بزمی نے یہ بھی کہا کہ میں گزشتہ ہفتے ہی سلمان خان سے ملا ہوں۔ ہم چاہے ساتھ فلم کریں یا نہ کریں لیکن ہمارے تعلقات ایسے ہی رہتے ہیں۔