امریکا کی تاریخ میں پہلی بار کسی سابق صدر کو سزا سنادی گئی، امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا کاروباری ریکارڈ میں جعلسازی پر سنائی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا نیویارک کی جیوری نے سنائی، ڈونلڈ ٹرمپ پر 34 الزامات عائد کیے گئے تھے جو کہ ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر کی ادائیگی سے متعلق تھے۔
خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ یہ رقم فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کو ادا کی گئی تھی۔
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام تھا کہ ان کے اسٹارمی ڈینئلز کے ساتھ جنسی تعلقات تھے اور سن 2016 کے صدارتی انتخابات کے موقع پر تعلقات کو چھپانے کے لیے اسٹارمی ڈینئلز کو رقم دی گئی تھی جس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت گئے تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 11 جولائی کو سزا سنائی جائے گی، سابق صدر کو جیل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمانے کا زیادہ امکان ہے۔
ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالتی فیصلے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اسے اپنی بدنامی قرار دیا ہے، امریکی میڈیا کے مطابق توقع ہے کہ ٹرمپ فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔
جیوری کی جانب سے فیصلہ سنانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا گیا ہے، وہ آخر تک لڑتے رہیں گے۔
امریکی صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کیس کی صدارت کرنے والے جج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ایک متضاد جج کی طرف سے دھاندلی زدہ ٹرائل تھا۔