ایک مرتبہ پھر اسرائیلی فورسز نے غزہ کے فلسطینیوں کو غزہ چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ یہ پہلی بار نہیں کہ فلسطینیوں کو اپنے گھر چھوڑنے پڑ رہے ہیں، یہ سلسلہ کئی دہائیوں سے چلتا آ رہا ہے۔
المواصی پناہ گزین کیمپ میں موجود حسن نوفل نے اپنی کی چین میں دو چابیاں رکھی ہوئی ہیں۔ ایک چابی حسن نوفل کے دادا کے گھر کی ہے جنہیں 1948 میں اسرائیلی فوج نے غزہ میں موجود ان کے گھر سے بےدخل کردیا تھا اور دوسری چابی نوفل حسن کے اپنے گھر کی ہے جہاں سے ان کو موجودہ جنگ میں بےدخل کیا گیا ہے۔
حسن نوفل کہتے ہیں کہ میری خواہش ہے میں واپس اپنے گھر جاؤں اور میرے گھر کی چابی کہیں میرے دادا کے گھر کی چابی کی طرح ایک یادگار نہ بن کر رہ جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں غزہ میں موجود اپنے گھر میں سب گھر والوں کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں۔