سندھ حکومت نے گاڑیوں کی پریمیئم نمبر پلیٹس کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان کردیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے ٹیکس کلیکشن کےلیے محکمہ ایکسائز کو 130ارب روپے کا ہدف دیا تھا مگر ہم نے ہدف سے زیادہ ٹیکس جمع کیا، کچھ لوگ ٹیکس دینا چاہتے ہیں مگر لائنوں میں لگنے سے گھبراتے ہیں شرجیل میمن نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے دنیا کی سب سے بڑی رہائشی اسکیم شروع کی اور 21لاکھ خاندانوں کو رہائش فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پریمیئم نمبر پلیٹس نیلامی کا ہمیں اچھا فیڈ بیک ملا ہے، ہم نیلامی میں نمبر پلیٹ کے نرخ بڑھانے جارہے ہیں، پہلے یہ پریمیئم نمبر پلیٹ سفارش پر ملتے تھے اور قیمت بھی کم تھی۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی نارکوٹکس ونگ نے 141 کارروائیاں کیں، ان کارروائیوں میں 158 افراد گرفتار 114 گاڑیاں برآمد کیں، تمام صوبوں کو مل کر منشیات کے خلاف کارروائیاں کرنا ہوں گی۔