پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی نارملائزیشن کمیٹی کے پاس فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کے نوجوان فٹبالرز ایک اور اہم ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوگئے ہیں۔
پاکستان ٹیم اگلے ماہ نیپال میں ہونیوالی ساف انڈر20 فٹبال چیمپئن شپ سے آوٹ ہوگئی ہے۔
ساف فٹبال چیمپئن شپ اگست کے وسط میں کٹھمنڈو میں ہونا تھی جس میں شرکت کےلیے پاکستان فٹبال ٹیم فیفا فنڈنگ کی منتظر تھی۔
فیفا سے جواب نہ آیا تو پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کو جواب دے دیا کہ وہ ایونٹ سے دستبردار ہو رہا ہے، جس کے بعد ساف انڈر20 چیمپئن شپ کے نئے ڈراز جاری کردیے گئے ہیں۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے سب تک نیوز سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی کہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے وہ ایونٹ سے دستبردار ہوئے ہیں۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف نے ساف انڈر17، ساف انڈر20 اور ساف ویمن چیمپئن شپ میں شرکت کےلیے مئی میں فیفا کو فنڈز کےلیے خط لکھا تھا تاہم فیفا نے کوئی جواب ہی نہیں دیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ فنڈز جاری نہ ہوئے تو ساف انڈر17 اور ویمن چیمپئن شپ میں بھی شرکت مشکل ہوجائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فی ایونٹ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو دو لاکھ ڈالرز کے لگ بھگ رقم درکار ہے۔
فٹبال حلقوں کا کہنا ہے کہ فیفا فنڈنگ پر انحصار کرنے کی بجائے پی ایف ایف اسپانسرز کو لاکر بھی یہ رقم پوری کرسکتا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ فیفا کوالیفائر کے حالیہ میچز کی میزبانی کرکے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو ایک کروڑ سے زائد کی آمدن ہوئی ہے۔